94

علی ظفر کیس میں بڑا موڑ، میشا شفیع نے اپیل دائر کر دی

لاہور ہائی کورٹ میں مشہور گلوکار علی ظفر کے دائر کردہ ہتکِ عزت کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اداکارہ و گلوکارہ میشہ شفیع نے سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے۔

اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے کیس کے حقائق کا مکمل اور درست جائزہ نہیں لیا، لہٰذا 50 لاکھ روپے ہرجانے کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں ہے اور اسے کالعدم قرار دیا جانا چاہیے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ہائی کورٹ اس فیصلے کو ختم کر کے کیس کا ازسرِ نو اور غیر جانبدارانہ جائزہ لے۔

یاد رہے کہ یہ قانونی تنازع اس وقت شروع ہوا جب میشا شفیع نے علی ظفر پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے، جنہیں علی ظفر نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کیا۔

عدالت کی کارروائی میں یہ بات سامنے آئی کہ میشا شفیع متعدد پیشیوں پر عدالت میں حاضر نہ ہوئیں اور اپنے دعوؤں کے حق میں خاطر خواہ شواہد پیش نہ کر سکیں، جبکہ علی ظفر نے اپنے گواہان عدالت میں پیش کیے۔

اسی بنیاد پر سیشن کورٹ نے فیصلہ علی ظفر کے حق میں سناتے ہوئے میشا شفیع کو 50 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ اب یہ معاملہ اپیل کی صورت میں دوبارہ عدالتی جانچ کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔