53

روزانہ 8 گلاس پانی ضروری ہے؟ نئی تحقیق نے حقیقت بتا دی

روزانہ 8 گلاس پانی پینے کی عام نصیحت ہمیشہ درست نہیں سمجھی جاتی، تاہم تازہ تحقیقی رپورٹس کے مطابق جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے کے لیے پانی کی مقدار ہر فرد کے لیے مختلف ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق زیادہ تر افراد کو روزانہ تقریباً 1.5 سے 1.8 لیٹر پانی کی ضرورت ہوتی ہے، جو روایتی طور پر بتائی جانے والی 2 لیٹر مقدار سے کم بھی ہو سکتی ہے۔

انسانی جسم کا تقریباً 60 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے، اور یہ تمام جسمانی افعال کی درست کارکردگی کے لیے ضروری ہے۔ پانی کی کمی یعنی ڈی ہائیڈریشن کی صورت میں سانس کی بو، سر چکرانا، ذہنی الجھن اور تھکاوٹ جیسے مسائل سامنے آ سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق پیشاب کی رنگت جسم میں پانی کی مقدار کا اہم اشارہ ہے۔ ہلکی یا شفاف رنگت مناسب ہائیڈریشن کی علامت ہوتی ہے، جبکہ گہری رنگت پانی کی کمی کی نشاندہی کرتی ہے۔

پانی پینے کے فوائد صرف جسمانی ہی نہیں بلکہ ذہنی اور مجموعی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔ تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ مناسب ہائیڈریشن دماغی کارکردگی، توجہ، یادداشت اور موڈ کو بہتر بناتی ہے، جبکہ کمی کی صورت میں ذہنی تھکاوٹ اور بے چینی بڑھ سکتی ہے۔

 

اسی طرح پانی پٹھوں کی کارکردگی، جوڑوں کی مضبوطی، گردوں کی صحت، جسمانی درجہ حرارت کے کنٹرول اور توانائی کی سطح کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق پانی کی مناسب مقدار قبض سے بچاؤ، جلد کی بہتری اور وزن کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

گردوں کے لیے پانی انتہائی ضروری ہے کیونکہ یہ جسم سے فاضل مادوں کو خارج کرنے میں مدد دیتے ہیں، جبکہ پانی کی کمی گردوں کی پتھری اور دیگر مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ پانی کی ضرورت موسم، عمر، جسمانی سرگرمی اور صحت کی حالت کے مطابق مختلف ہو سکتی ہے، اس لیے ہر فرد کو اپنی ضروریات کے مطابق پانی پینا چاہیے۔