ممبئی: بھارتی ماڈل اور اداکارہ مہرین پیرزادہ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انہوں نے ہماچل پردیش میں ایک سادہ اور نجی تقریب کے دوران ارش اولکھ سے نکاح کیا۔
رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب میں صرف قریبی دوستوں اور اہلِ خانہ نے شرکت کی، جبکہ تقریب کو انتہائی سادگی کے ساتھ منعقد کیا گیا۔
اداکارہ نے اپنی شادی کی خوشخبری سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں سے شیئر کی، جہاں انہوں نے تقریب کی تصاویر بھی پوسٹ کیں۔ اعلان کے بعد شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی جانب سے انہیں مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے۔
مہرین پیرزادہ کا شمار تیلگو اور تامل فلم انڈسٹری کی معروف اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 2016 میں فلم "Krishna Gaadi Veera Prema Gaadha" سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور بعد ازاں متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
واضح رہے کہ مہرین پیرزادہ کے بھائی گرفتح پیرزادہ بھی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔ اس سے قبل 2021 میں ان کی منگنی بھویہ بشنوئی سے ہوئی تھی، تاہم یہ رشتہ بعد ازاں ختم ہو گیا تھا۔









