53

چین کے آٹو شو میں کم بجٹ گاڑیوں کی لانچنگ، مقابلہ مزید سخت ہوگیا

عالمی آٹو مارکیٹ میں چین نے الیکٹرک گاڑیوں کی قیمتوں کے حوالے سے ایک نئی دوڑ شروع کر دی ہے، جہاں 200 سے زائد ماڈلز ایسے دستیاب ہیں جن کی قیمت 25 ہزار ڈالر (تقریباً 70 لاکھ پاکستانی روپے) سے کم ہے، جبکہ کچھ گاڑیاں 12 ہزار ڈالر (تقریباً 36 لاکھ روپے) سے بھی سستی میں فروخت ہو رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق چینی مارکیٹ میں Geely EX2 نمایاں مقبولیت حاصل کر رہی ہے، جس کی ابتدائی قیمت تقریباً 10 ہزار 60 ڈالر ہے۔ اس گاڑی میں 14.6 انچ ٹچ اسکرین اور تقریباً 255 میل تک کی رینج جیسی جدید سہولیات شامل ہیں۔

معاشی ماہر فیلیپ منوز کے مطابق یہ گاڑی اپنے معیار اور اندرونی کشادگی کے باعث توقعات سے بہتر کارکردگی دکھاتی ہے اور سائز میں چھوٹی محسوس نہیں ہوتی۔

اسی طرح کم قیمت اور مقبول ماڈلز میں Wuling Bingo Pro بھی شامل ہے، جو 8 ہزار ڈالر سے زائد قیمت میں دستیاب ہے اور ایک چارج پر تقریباً 250 میل تک چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

چینی کمپنی BYD کی BYD Seagull بھی اس مقابلے میں شامل ہے، جس کی قیمت تقریباً 10 ہزار 200 ڈالر ہے۔ اس نئے ماڈل میں خودکار لین چینج اور فاسٹ چارجنگ جیسی جدید ٹیکنالوجی بھی فراہم کی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق چین کی یہ سستی اور جدید الیکٹرک گاڑیاں عالمی آٹو انڈسٹری میں قیمتوں کے توازن اور مسابقت کو مزید سخت کر رہی ہیں۔