معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ان کا نام پی این آئی ایل (PNIL) فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔
مقامی عدالت میں زیر سماعت کیس کے دوران سعد الرحمان سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔ ان کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (National Cyber Crime Investigation Agency) کی جانب سے مبینہ طور پر آن لائن جوا ایپس کی تشہیر سے متعلق مقدمہ درج ہے۔
سماعت کے دوران این سی سی آئی اے کی جانب سے عدالت میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی تفتیش میں عدم تعاون کے باعث ڈکی بھائی کا نام پی این آئی ایل لسٹ میں شامل کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں ضمانت کے بعد وہ شاملِ تفتیش ہو گئے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اب ان کے نام کے اخراج پر کوئی اعتراض نہیں ہے، جبکہ متعلقہ حکام کو باقاعدہ مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سعد الرحمان کے خلاف کیس زیر سماعت ہے، تاہم حالیہ پیش رفت میں انہیں انتظامی سطح پر اہم ریلیف حاصل ہوا ہے۔









