73

صحت مند زندگی کے لیے روزانہ واک کتنی ضروری ہے؟

اگر آپ دن بھر زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں تو یہ عادت صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، تاہم ایک نئی تحقیق میں اس کے منفی اثرات کم کرنے کا آسان حل سامنے آیا ہے۔

آسٹریلیا کی سڈنی یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ قدموں کی تعداد میں اضافہ کر کے زیادہ دیر بیٹھنے سے ہونے والے نقصانات کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

اس تحقیق میں 72 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ روزانہ زیادہ چلنے سے مختلف امراض اور قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔

نتائج کے مطابق اگر کوئی شخص روزانہ 10 ہزار قدم چلتا ہے تو قبل از وقت موت کا خطرہ 39 فیصد جبکہ دل کی بیماریوں اور ہارٹ اٹیک کا خطرہ 21 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔

محققین نے مزید بتایا کہ صرف 4 سے 4500 اضافی قدم بھی دل کی صحت بہتر بنانے اور بیماریوں کے خطرات کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

تحقیق میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ چہل قدمی زیادہ دیر بیٹھنے کا مکمل متبادل نہیں، تاہم یہ منفی اثرات کو کافی حد تک کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

یہ تحقیق برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع ہوئی ہے۔