77

یوٹیوب شارٹس، صارفین کے لیے نیا اے آئی ٹول تیار

یوٹیوب شارٹس صارفین کے لیے ایک نیا اور جدید فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے تحت صارفین اپنے اے آئی اوتار تخلیق کر سکیں گے جو نہ صرف ان جیسے دکھائی دیں گے بلکہ انہی کی آواز میں گفتگو بھی کریں گے۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر صارفین کو اپنی ڈیجیٹل کاپی بنانے کی سہولت فراہم کرے گا، جسے وہ اپنی موجودہ شارٹس ویڈیوز میں شامل کرنے کے ساتھ ساتھ نئی ویڈیوز کی تخلیق کے لیے بھی استعمال کر سکیں گے۔

یوٹیوب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اوتار فیچر ویڈیو بنانے کے موجودہ ٹولز کو مزید بہتر بناتا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی ویڈیوز میں خود کو شامل کرنا پہلے سے کہیں زیادہ آسان اور مؤثر بنا سکیں گے۔

رپورٹس کے مطابق یہ فیچر یوٹیوب اور یوٹیوب کریئٹ دونوں پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوگا، جس سے ویڈیو کریئیٹرز کو مزید سہولت میسر آئے گی۔

اوتار بنانے کے لیے صارفین کو ’لائیو سیلفی‘ ریکارڈ کرنا ہوگی، جس میں مختلف زاویوں سے چہرہ اور آواز ریکارڈ کی جائے گی، جبکہ اسکرین پر دی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اوتار تیار کیا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق یہ فیچر ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیشن کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔