114

اکشے کمار نئی فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی

بالی ووڈ کے سپر اسٹار اکشے کمار اپنی نئی ہارر کامیڈی فلم ’بھوت بنگلہ‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

پروڈکشن ٹیم کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اکشے کمار ایک خطرناک ایکشن سین کے دوران اسٹنٹ کرتے ہوئے چوٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ یہ واقعہ کب پیش آیا اور انہیں کس نوعیت کی چوٹ لگی۔

اکشے کمار اپنی فلموں میں خود اسٹنٹس کرنے کے لیے مشہور ہیں اور اسی جرات مندانہ انداز کی وجہ سے وہ اکثر خبروں کی زینت بنتے رہتے ہیں۔ مارشل آرٹس میں مہارت رکھنے والے اداکار ماضی میں بھی کئی خطرناک مناظر بغیر باڈی ڈبل کے شوٹ کر چکے ہیں۔

فلم ’بھوت بنگلہ‘ کی ہدایتکاری معروف ہدایت کار پریادرشن کر رہے ہیں، اور یہ جوڑی تقریباً 15 سال بعد ایک بار پھر ساتھ کام کر رہی ہے۔ اس سے قبل دونوں نے کئی سپر ہٹ فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔

مداحوں کی جانب سے اکشے کمار کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔