120

لبنان میں تباہی پر میا خلیفہ کا شدید ردعمل

لبنانی نژاد امریکی سوشل میڈیا شخصیت میا خلیفہ نے اسرائیل کی جانب سے لبنان پر تازہ فضائی حملوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے جذباتی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں وہ آبدیدہ ہو گئیں۔

رپورٹس کے مطابق حالیہ حملوں میں بیروت سمیت مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں درجنوں فضائی حملوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان اور انفراسٹرکچر کی تباہی ہوئی۔ ایک ہی دن میں 250 سے زائد افراد کے جاں بحق اور ایک ہزار سے زیادہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جسے حالیہ عرصے کا سب سے خونریز دن قرار دیا جا رہا ہے۔

میا خلیفہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ موجودہ صورتحال پر شدید صدمے اور دکھ کا شکار ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسرائیل ان کے ٹیکس کے پیسوں سے لبنان پر حملے کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رہائشی عمارتوں، اسکولوں، اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس اسپتال میں ان کی پیدائش ہوئی تھی وہ بھی بمباری کے نتیجے میں تباہ ہو چکا ہے، جسے انہوں نے اپنی زندگی کا ایک نہایت تکلیف دہ لمحہ قرار دیا۔

یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا، تاہم واضح کیا گیا کہ لبنان اس معاہدے کا حصہ نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر میا خلیفہ کے بیان پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا، جہاں کچھ صارفین نے ان کے دکھ پر ہمدردی کا اظہار کیا، جبکہ دیگر نے مختلف آراء کا اظہار کیا۔