99

ایپل کا پہلا فولڈ آئی فون متعارف کرنے کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون پر کافی عرصے سے کام جاری ہے اور اب ایک نئی لیک میں اس کی ممکنہ لانچ ٹائم لائن اور فیچرز سامنے آ گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق یہ ڈیوائس ستمبر 2026 میں آئی فون 18 پرو سیریز کے ساتھ متعارف کرائی جا سکتی ہے، جبکہ اسے ایک پریمیم “الٹرا” ماڈل کے طور پر پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

لیک کے مطابق یہ فولڈ ایبل آئی فون کتاب کی طرح کھلنے والے ڈیزائن پر مبنی ہوگا۔ اس کا بیرونی ڈسپلے 5.5 انچ کا ہوگا جبکہ کھلنے کے بعد اندرونی اسکرین 7.8 انچ تک پھیل جائے گی، جو صارفین کو بڑی اسکرین کا تجربہ فراہم کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایپل اس ڈیوائس کے لیے انتہائی پتلے گلاس اور لیکوئیڈ میٹل جیسے جدید مواد پر کام کر رہا ہے تاکہ فون کو زیادہ مضبوط اور پائیدار بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ کچھ رپورٹس میں 3 ڈی پرنٹڈ پرزہ جات کے استعمال کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جس سے ڈیوائس کی لچک اور مضبوطی میں اضافہ ہوگا۔

یہ فولڈ ایبل فون غیر معمولی طور پر پتلا ہوگا، جس کی موٹائی کھلنے پر تقریباً 4.5 سے 4.8 ملی میٹر جبکہ فولڈ ہونے پر 9.6 ملی میٹر ہوگی۔ ماہرین کے مطابق اس کا ڈیزائن اور استعمال کا انداز روایتی آئی فونز سے مختلف ہوگا اور صارفین کو ایک بالکل نیا تجربہ فراہم کرے گا۔

مزید یہ کہ ڈیوائس میں ویڈیوز دیکھنے، گیمنگ اور ملٹی ٹاسکنگ کے لیے بہتر فیچرز شامل کیے جائیں گے۔ اس میں اے20 پرو چپ اور ممکنہ طور پر 5500 ایم اے ایچ بیٹری دی جائے گی، جبکہ کیمرا ڈیزائن آئی فون ایئر سے ملتا جلتا مگر زیادہ جدید ہوگا۔

اگر یہ لیکس درست ثابت ہوتی ہیں تو ایپل کا یہ فولڈ ایبل آئی فون اسمارٹ فون مارکیٹ میں ایک بڑی تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے اور کمپنی کو فولڈ ایبل ڈیوائسز کی دوڑ میں نمایاں مقام دلوا سکتا ہے۔