24

کم بجٹ صارفین کے لیے آئی فون کا نیا جدید فون متعارف

Apple Inc. جلد اپنے نئے اور نسبتاً کم قیمت اسمارٹ فون iPhone 17E کو متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جسے رواں سال کا سب سے سستا iPhone قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹیک رپورٹس کے مطابق اس ماڈل کی ابتدائی قیمت تقریباً 599 ڈالر متوقع ہے، جس کے ساتھ یہ موجودہ سیریز میں انٹری لیول آپشن ہوگا اور ایسے صارفین کے لیے موزوں سمجھا جا رہا ہے جو کم بجٹ میں جدید آئی فون خریدنا چاہتے ہیں۔

ڈیزائن کے لحاظ سے iPhone 17E ممکنہ طور پر iPhone 16E سے مشابہ ہوگا، تاہم چند اہم اپگریڈز متوقع ہیں۔ سب سے نمایاں بہتری فرنٹ یا سیلفی کیمرے میں متوقع ہے، اور کمپنی کا جدید Dynamic Island ڈیزائن بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس نئے فون کی باضابطہ رونمائی ممکنہ طور پر 4 مارچ کو ایک خصوصی تقریب میں کی جائے گی، جہاں اس کی مکمل خصوصیات، دستیابی اور دیگر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

تکنیکی اعتبار سے ڈیوائس میں نیا C1 5G موڈیم متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جو تیز رفتار ڈیٹا اور بہتر بیٹری کارکردگی فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ N1 وائرلیس چپ کے ذریعے وائی فائی اور بلوٹوتھ کنیکٹیویٹی کو مزید مؤثر بنانے کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مناسب قیمت اور جدید فیچرز کا امتزاج اس ماڈل کو متوسط صارفین کے لیے ایک پرکشش انتخاب بنا سکتا ہے، جس سے مارکیٹ میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔