چین کی معروف درسگاہ Shanghai Jiao Tong University School of Medicine کے ماہرین نے نئی تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ PFAS کہلانے والے ’فار ایور کیمیکلز‘ مردوں کو قبل از وقت بوڑھا کر سکتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق پر فلورواکائیل اور پولی فلورواکائیل سبسٹینسز (PFAS) وہ مصنوعی کیمیکلز ہیں جو فرنیچر، فوڈ پیکجنگ اور دیگر گھریلو اشیا میں استعمال ہوتے ہیں۔ ماہرین نے بتایا کہ یہ کیمیکلز ماحول میں طویل عرصے تک برقرار رہتے ہیں اور قدرتی طور پر ختم نہیں ہوتے، اسی لیے انہیں ’فار ایور کیمیکلز‘ کہا جاتا ہے۔
تحقیق میں 50 سے 64 سال کی عمر کے مردوں پر ان کیمیکلز کے اثرات کا جائزہ لیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ PFAS کی موجودگی حیاتیاتی عمر (Biological Age) میں تیزی لا سکتی ہے، جس سے دل کے امراض، کینسر اور دیگر بیماریوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ خواتین پر اس کے واضح منفی اثرات نہیں دیکھے گئے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں، لیکن روزمرہ استعمال کی اشیا کے انتخاب میں محتاط رہنا اور ماحول دوست مصنوعات کو ترجیح دینا ضروری ہے تاکہ ان کیمیکلز کے اثرات کم کیے جا سکیں۔ یہ تحقیق عالمی سائنسی جریدے Frontiers in Aging میں شائع ہوئی ہے۔









