لندن: برطانیہ میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے استعمال سے 80 لاکھ تک وائٹ کالر ملازمتیں خطرے میں پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک برطانوی تھنک ٹینک نے خبردار کیا ہے کہ اگر مصنوعی ذہانت پر حد سے زیادہ انحصار جاری رہا تو آنے والے برسوں میں لاکھوں ملازمتیں یا تو ختم ہو سکتی ہیں یا ان کی اہمیت میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔
انسٹی ٹیوٹ فار پبلک پالیسی ریسرچ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کم تنخواہ پانے والے 75 فیصد تک ملازمین سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں، کیونکہ ان کے کام کی نوعیت کو مصنوعی ذہانت نسبتاً آسانی سے سنبھال سکتی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ شعبے جہاں اعلیٰ سطح کی فیصلہ سازی، تخلیقی سوچ اور انسانی بصیرت درکار ہوتی ہے، فی الحال نسبتاً محفوظ تصور کیے جا رہے ہیں، تاہم ماہرین نے پالیسی سازوں کو بروقت حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر حکومت اور ادارے بروقت اقدامات نہ کریں تو روزگار کا منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہو سکتا ہے، جس کے معیشت پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔








