30

صارفین سے غیر مجاز موبائل چارجز پر پی ٹی اے کا کڑا ایکشن

پاکستان میں ٹیلی کام صارفین کے لیے بڑی خبر آ گئی ہے۔ پی ٹی اے نے موبائل صارفین سے غیر مجاز کٹوتیوں اور اضافی چارجز کے بڑھتے ہوئے معاملات پر سخت نوٹس لے لیا ہے۔ اس حوالے سے ٹیلی کام کمپنیوں کو فوری طور پر احتیاطی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ موبائل ٹیرف میں کسی بھی قسم کی تبدیلی سے قبل صارفین کی پیشگی منظوری لازمی ہے اور کسی بھی سروس کے معیار پر سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ویلیو ایڈڈ سروسز کے لیے صارف کی واضح اجازت ضروری ہے تاکہ کسی کو غیر ضروری چارجز کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

علاوہ ازیں، پی ٹی اے نے صارفین کے حقوق کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا اور ٹیلی کام کمپنیوں کو شفاف چارجنگ سسٹم اپنانے کی ہدایت دی۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی شکایات کے لیے پی ٹی اے ہیلپ لائن سے رابطہ کریں تاکہ فوری ازالہ ممکن ہو۔ پی ٹی اے نے موبائل سروسز کی بہتری کے لیے نیٹ ورک اور اسپیکٹرم میں سرمایہ کاری پر بھی زور دیا ہے، تاکہ صارفین کو بہتر اور شفاف خدمات فراہم کی جا سکیں۔