57

اداکارہ اشنا شاہ نے مریم نواز کو جانوروں کے ساتھ بدسلوکی روکنے کے لیے خط لکھا

لاہور: پاکستان کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کو جانوروں کے ساتھ ناروا سلوک روکنے کے لیے ایک خط لکھا ہے۔ اشنا شاہ نے یہ خط اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔

خط میں اداکارہ نے وزیرِ اعلیٰ کی صفائی، عوامی تحفظ اور خواتین کی حفاظت کے حوالے سے کوششوں کو سراہا، لیکن ساتھ ہی انہوں نے ایک ایسا مسئلہ اجاگر کیا جو حکام کی توجہ حاصل نہیں کر پا رہا: جانوروں کے ساتھ بدسلوکی۔

اشنا شاہ نے خط میں ایک واقعے کا ذکر کیا جس میں ایک کتے کو گاڑی سے باندھ کر پنجاب کی مرکزی سڑک پر گھسیٹا جا رہا تھا۔ اداکارہ نے کہا کہ ایسے واقعات کے مسلسل پیش آنے کی وجہ سے عوام میں یہ تصور پیدا ہو رہا ہے کہ حکام جانوروں کی حفاظت میں ناکام ہیں۔

اداکارہ نے دیگر جانوروں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات کی نشاندہی کی، جس میں منظم ڈاگ فائٹس، گدھوں پر تشدد اور بازاروں میں جانوروں پر ظلم شامل ہیں۔

اشنا شاہ نے خط میں کچھ تجاویز بھی دی ہیں:

جانوروں کے حقوق کے قوانین پر مؤثر عمل درآمد

جنگلی جانوروں کو پالتو بنانے پر پابندی

صوبے بھر میں آگاہی اور تحفظ کے پروگرامز

خط کے آخر میں اداکارہ نے کہا کہ اگر حکام جانوروں کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کریں، تو یہ پیارے نبی ﷺ کی تعلیمات کے مطابق نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک کے لیے ایک مثال قائم کر سکتا ہے، اور دیگر صوبوں کے رہنما بھی اس کی پیروی کر سکتے ہیں۔