32

چین کے انسان نما روبوٹس کنگفو میں ماہر، شاؤلین ٹیمپ میں مظاہرہ

چین کی ایک کمپنی نے انسان نما روبوٹس تیار کیے ہیں جو مارشل آرٹس میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔ کمپنی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں یہ روبوٹس شاؤلین ٹیمپ میں کنگفو کی مشق کرتے ہوئے نظر آئے، اور مکمل ہم آہنگی اور درستگی کے ساتھ مختلف کنگفو اسٹائل دکھا رہے ہیں۔

ان روبوٹس کو لنگشی ایکس 2 کا نام دیا گیا ہے اور یہ گو ٹو 1 نامی آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) ماڈل سے لیس ہیں۔ کمپنی ایگی بوٹ کے مطابق، یہ روبوٹس توازن، رفتار، سیکھنے اور منصوبہ بندی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور مختلف ٹاسک انجام دینے میں بھی ماہر ہیں۔

یہ پہلی بار نہیں کہ چین میں روبوٹس کی جانب سے حیرت انگیز مظاہرہ کیا گیا ہو۔ مارچ 2025 میں شنگھائی کی ایک کمپنی نے ایسے روبوٹس متعارف کروائے جو انسانوں کی طرح سائیکل چلا سکتے تھے، اور مئی 2025 میں انہوں نے جمناسٹک کا مظاہرہ کرنے والے روبوٹس کی ویڈیو بھی جاری کی تھی۔

اب کنگفو روبوٹس کے ذریعے چین نے روبوٹکس اور AI ٹیکنالوجی میں نئی پیشرفت کی جانب توجہ دلائی ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مستقبل میں انسان نما روبوٹس کی مہارت اور ان کے عملی استعمال میں اضافہ متوقع ہے۔