90

ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کی چھپ کر بنائی گئی ویڈیو وائرل

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول اور شوخ اداکارہ ہانیہ عامر اور معروف گلوکار عاصم اظہر کے دوبارہ تعلقات کی افواہیں ایک بار پھر زور پکڑ گئی ہیں، جس کی وجہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک نئی ویڈیو بنی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے پھیلنے والی اس ویڈیو میں ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کو ایک نجی تقریب میں ایک ساتھ خوشگوار انداز میں ڈانس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو کے مناظر سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کی موجودگی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور ان کے چہروں پر خوشی نمایاں ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہانیہ عامر نے مایوں کی تقریب کے مناسبت سے پیلا لباس زیب تن کر رکھا ہے اور ان کے ہاتھوں میں گجرے بھی نظر آ رہے ہیں، جبکہ عاصم اظہر بلیک لباس میں ملبوس خوشی سے جھومتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ویڈیو منظر عام پر آتے ہی مداحوں کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ متعدد صارفین نے قیاس آرائیاں کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان تعلقات بحال ہو چکے ہیں، جبکہ کئی مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے یہاں تک لکھ دیا کہ ’’اب تو شادی پکی لگ رہی ہے‘‘۔

کچھ صارفین نے ہانیہ عامر کے حالیہ بیان کی جانب بھی اشارہ کیا جس میں انہوں نے ہنستے ہوئے کہا تھا کہ ’’نکاح جمعہ کے بعد ہوگا‘‘، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مزید چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں۔

تاحال ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کی جانب سے اس وائرل ویڈیو یا تعلقات سے متعلق کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم یہ ویڈیو مداحوں کے لیے ایک بار پھر پرانی یادیں تازہ کر گئی ہے اور شوبز حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔