ایپل کی جانب سے رواں سال کا سب سے سستا نیا آئی فون متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اور اب اس کی متوقع تاریخ بھی سامنے آ گئی ہے۔
ابتدائی طور پر کہا جا رہا تھا کہ آئی فون 17 ای کو موسمِ بہار میں پیش کیا جائے گا، تاہم معروف ٹیک ویب سائٹ میک ویلٹ کی ایک تازہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل یہ فون 19 فروری کو ہی لانچ کر دے گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ تاریخ حیران کن نہیں، کیونکہ ایپل نے گزشتہ سال بھی آئی فون 16 ای کو 19 فروری 2025 کو متعارف کرایا تھا۔
میگ سیف سپورٹ اور تیز وائرلیس چارجنگ
ذرائع کے مطابق آئی فون 17 ای میں میگ سیف سپورٹ شامل کی جائے گی، جس کے ذریعے صارفین کو 25 واٹ وائرلیس چارجنگ کی سہولت حاصل ہوگی۔ یہ فیچر آئی فون 16 ای میں موجود نہیں تھا۔
ڈیزائن میں بڑی تبدیلی متوقع نہیں
ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی فون 17 ای کا ڈیزائن آئی فون 16 ای جیسا ہی ہوگا، جبکہ فرنٹ کیمرے کے لیے ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن شامل نہیں کیا جائے گا۔
طاقتور چپ اور جدید موڈیم
رپورٹ کے مطابق فون میں نیا A19 چِپ سیٹ نصب ہوگا، جبکہ سیکنڈ جنریشن ایپل C1X موڈیم اور N1 وائرلیس نیٹ ورک چِپ بھی ڈیوائس کا حصہ ہوں گے۔
متوقع قیمت
آئی فون 17 ای کی ابتدائی قیمت 599 ڈالرز سے شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جو اسے ایپل کا ایک بار پھر سب سے سستا نیا آئی فون بنا دے گی۔








