41

گوگل کی جیمنائی میں چیٹ ہسٹری امپورٹ کے لیے نیا اے آئی فیچر

گوگل نے اپنے جیمنائی اے آئی پلیٹ فارم کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کر دی ہے، جس کا مقصد چیٹ جی پی ٹی یا دیگر اے آئی چیٹ بوٹس کے صارفین کو آسانی سے جیمنائی میں منتقل کرنا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنی موجودہ چیٹ ہسٹری جیمنائی میں اپ لوڈ کر سکیں گے، تاکہ وہ اپنے پراجیکٹس، ترجیحات اور پرسنلائزڈ ڈیٹا سے محروم نہ ہوں۔ عموماً اے آئی چیٹ بوٹس پرانے چیٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے جوابات فراہم کرتے ہیں اور طویل استعمال پر یہ پرسنلائزیشن بڑھ جاتی ہے، جسے نئے چیٹ بوٹ میں منتقل کرنا مشکل ہوتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ فیچر فی الحال جیمنائی کے ویب ورژن کے بیٹا آپشن میں دستیاب ہے اور بہت جلد عام صارفین کے لیے متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ فیچر چیٹ جی پی ٹی، گروک اور کلاؤڈی پر بھی کام کر رہا ہے۔

صارفین کو اپنی پرانی چیٹ ہسٹری ڈاؤن لوڈ کر کے جیمنائی میں اپ لوڈ کرنی ہوگی، جس سے وہ اپنے ڈیٹا کو محفوظ رکھتے ہوئے نئے پلیٹ فارم پر جاری رکھ سکیں گے۔

گوگل کا یہ اقدام صارفین کے لیے منتقلی کے عمل کو آسان بنانے اور مختلف چیٹ بوٹس کے استعمال کے دوران ڈیٹا کی مستقل دستیابی کو یقینی بنانے کی کوشش ہے۔