83

مصنوعی ذہانت انسانوں سے آگے نکل سکتی ہے:ایلون مسک کی پیشگوئی

دنیا میں مصنوعی ذہانت (AI) کی تیز رفتار ترقی نے ایک بار پھر سنگولیریٹی کے امکانات کو سامنے لا دیا ہے۔ اسپیس ایکس اور ایکس اے آئی کے سربراہ ایلون مسک نے کہا ہے کہ "ہم سنگولیریٹی کے ابتدائی مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، جہاں AI انسانی ذہانت کو پیچھے چھوڑ سکتی ہے۔"

ایلون مسک کے مطابق انسان آج سورج کی طاقت کا محض ایک اربواں حصہ استعمال کر رہا ہے، لیکن مستقبل میں AI کی ترقی بے پناہ ہو سکتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگلے 5 سے 10 سال میں اس تیز رفتار ترقی کی وجہ سے ممکنہ تنازعات بھی جنم لے سکتے ہیں۔

اس دوران نیا وائرل AI پلیٹ فارم Moltbook بھی اس بحث کو ہوا دے رہا ہے، جہاں AI خود پوسٹس، تبصرے اور ووٹنگ کرتی ہے، اور انسان صرف تماشائی رہتا ہے۔ اس پلیٹ فارم پر مشینیں مذہب، انسانی مستقبل اور سنگولیریٹی جیسے موضوعات پر بھی گفتگو کر رہی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سنگولیریٹی وہ تاریخی لمحہ ہو گا جب AI نہ صرف انسانی ذہانت سے آگے نکل جائے گی بلکہ خود کو بہتر بنانے کی صلاحیت بھی حاصل کر لے گی، جس کے بعد ترقی کی رفتار غیر متوقع حد تک تیز ہو جائے گی۔ اس سے ٹیکنالوجی، معیشت، تعلیم اور روزمرہ زندگی میں انقلاب آ سکتا ہے۔