پاکستان میں ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری میں نمایاں پیشرفت سامنے آئی ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے سعودی ہم منصب سے تین ملاقاتیں کیں، جن میں ویکسین کی تیاری، سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے وزراء نے ویکسین مینوفیکچرنگ، فارماسیوٹیکل انڈسٹری اور صنعتی اشتراک پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سعودی عرب کا 11 رکنی اعلیٰ سطحی وفد پاکستان پہنچا، اور ملاقات میں دونوں طرف سے فوکل پرسنز بھی مقرر کیے گئے۔ پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر عبید، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ، اور سعودی وزارت صنعت کے سینئر ایڈوائزر نزار الحریری نے یہ ذمہ داری سنبھالی۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان ویکسین کی مقامی تیاری کے لیے پرعزم ہے، اور سعودی وفد کا دورہ اس عمل کو مزید تیز کرے گا۔ مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری نہ صرف ملکی ضروریات کو پورا کرے گی بلکہ محفوظ اور معیاری ویکسین کی دستیابی کو بھی یقینی بنائے گی، جو حکومت کی اولین ترجیح ہے۔









