145

خون کے رشتے اکثر انسان کو رسوا کر دیتے ہیں: جاوید شیخ

پاکستان کے سینئر اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ خون کے رشتے ہمیشہ سہارا نہیں بنتے، بعض اوقات یہی رشتے انسان کو رسوا بھی کر دیتے ہیں، جبکہ دوستیاں اور روح کے رشتے زیادہ مضبوط ثابت ہوتے ہیں۔

ایک حالیہ گفتگو کے دوران جاوید شیخ نے اپنی زندگی کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کراچی میں گل پلازہ کے قریب واقع دو کمروں کے ایک گھر میں اپنے آٹھ بہن بھائیوں کے ساتھ رہتے تھے، جہاں محدود وسائل کے باوجود محبت اور اپنائیت موجود تھی۔

انہوں نے جوائنٹ فیملی سسٹم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ خاندان دو طرح کے ہوتے ہیں، ایک وہ جہاں گھر اتنا بڑا ہو کہ افراد ایک دوسرے سے دور رہیں اور دوسرا وہ جہاں سب ایک دوسرے کے اوپر سوار ہوں، جہاں زندگی گزارنا بے حد مشکل ہو جاتا ہے۔

جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں ہم سب اس حقیقت کے گواہ ہیں کہ بعض اوقات بچے والدین سے تمام جائیدادیں لے کر انہیں تنہا چھوڑ دیتے ہیں۔ ایسے میں والدین کی دیکھ بھال ان کی اولاد نہیں بلکہ دوست کرتے ہیں، اور بعض اوقات انہیں اپنے گھروں میں بھی جگہ دیتے ہیں۔

ان کے مطابق، یہی وجہ ہے کہ خون کے رشتوں کے مقابلے میں دوستیاں اور روح کے رشتے کہیں زیادہ قیمتی اور قابلِ اعتماد ثابت ہوتے ہیں، جو مشکل وقت میں انسان کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں۔