95

میں نے کبھی بوڑھا ہونے کا تصور ہی نہیں کیا: عنبر خان

پاکستانی معروف سابقہ ماڈل اور موجودہ اداکارہ و میزبان عنبر خان نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی یہ تصور نہیں کیا کہ انہیں بوڑھا ہونا ہے۔

عنبر خان نے عمر بڑھنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی بوڑھی نہیں ہوں گی اور انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ ہمیشہ اسی طرح جوان رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہیں عمر کے ساتھ کسی قسم کی تبدیلی یا ڈھلنے والے انداز کا خوف نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں سوچا کہ کسی خاص عمر میں انہیں مخصوص اسٹائل یا لباس اپنانا ہوگا۔ عنبر خان نے کہا کہ وہ اپنے فیشن اور لباس کے انتخاب میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گی اور جو پہننا چاہیں گی وہی پہنیں گی۔

عنبر خان نے کہا کہ اصل بات یہ ہے کہ لباس کو کس انداز سے اپنایا جائے، عمر کا اس میں کوئی کردار نہیں ہوتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ممکن ہے آنے والے پانچ سالوں میں ان کی سوچ بدل جائے اور اسی کے مطابق ان کا اسٹائل بھی بدل جائے، مگر وہ ہمیشہ اپنے فیصلوں کے ساتھ کھڑی رہیں گی۔