اداکارہ سیما سجدیہہ نے اپنی شادی ختم ہونے کے برسوں بعد پہلی بار کھل کر بتایا کہ ان کی اور سہیل خان کی علیحدگی کی اصل وجوہات کیا تھیں اور طلاق کے بعد ان کی زندگی کیسے بدلی۔
سہیل خان اور سیما سجدیہہ نے 1998 میں شادی کی تھی اور 2022 میں راستے جدا کر لیے۔ ان کے دو بیٹے، نیروان اور یوہان، ہیں، جن کی پرورش وہ دونوں باہمی تعاون سے کر رہے ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں سیما نے بتایا کہ شادی کے وقت وہ اور سہیل دونوں بہت کم عمر تھے اور زندگی کے بدلنے کے عمل کو پوری طرح نہیں سمجھ سکے تھے۔ انہوں نے کہا:
"جب ہماری شادی ہوئی تو ہم دونوں بہت چھوٹے تھے۔ میں صرف 22 سال کی تھی۔ جیسے جیسے ہم بڑے ہوئے، مختلف سمتوں میں آگے بڑھتے گئے اور خیالات بدل گئے۔ آخرکار ہمیں احساس ہوا کہ ہم میاں بیوی سے زیادہ اچھے دوست ہیں۔"
سیما نے مزید کہا کہ علیحدگی کا فیصلہ جلد بازی میں نہیں بلکہ کافی سوچ بچار کے بعد کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ گھر کا سکون اور بچوں کی فلاح روز روز کی لڑائی سے زیادہ اہم تھی۔ر
انہوں نے طلاق کے بعد کی زندگی کے بارے میں کہا:
"عملی خودمختاری سب سے بڑا چیلنج تھی۔ مجھے ہر چیز نئے سرے سے سیکھنی پڑی، مالی نظم و نسق اور انشورنس بھی شامل ہیں۔"
سیما نے یہ بھی بتایا کہ کوئی بھی عورت طلاق کا خواب نہیں دیکھتی اور نہ ہی اسے خود پر مسلط کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل میں کسی پر الزام تراشی شامل نہیں تھی، اور سب کچھ بچوں کے بھلے اور گھر کے سکون کے لیے کیا گیا۔
واضح رہے کہ سیما اس وقت وکرم آہوجا کے ساتھ تعلق میں ہیں، جن سے وہ سہیل خان سے شادی کرنے سے پہلے منگنی کر چکی تھیں۔









