نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے عوامی آگاہی کے لیے ایک اہم ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک غلط کلک یا غیر محتاط پوسٹ شہریوں کے لیے قانونی مسائل پیدا کر سکتی ہے اور انہیں جیل تک بھیج سکتی ہے۔
ایجنسی کے مطابق صارفین کسی بھی پوسٹ، خبر یا لنک کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق لازمی کریں کیونکہ بغیر تحقیق مواد پھیلانا قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ این سی سی آئی اے نے واضح کیا کہ اعلیٰ عدلیہ اور مقتدر اداروں کے خلاف غیر مصدقہ معلومات یا جھوٹی خبریں پھیلانا سنگین قانونی جرم ہے۔
ایڈوائزری میں بتایا گیا کہ پیکا (PECA) ایکٹ کے سیکشن 26A کے تحت جھوٹی خبریں پھیلانے پر تین سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 20 لاکھ روپے تک جرمانہ بھی ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔
این سی سی آئی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ نفرت انگیز مواد اور فیک نیوز سے مکمل طور پر دور رہیں اور سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال کریں۔ ایجنسی کے مطابق صرف ذمہ دار شہری بن کر ہی سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔








