لاہور: یوٹیوب نے ایسے نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں جو والدین کو یہ اختیار دیتے ہیں کہ وہ اپنے بچوں اور نوجوانوں کے لیے عمر کے مطابق مواد دیکھنے کی پابندی مقرر کر سکیں۔
ان میں سب سے اہم فیچر اسکرین لمٹس ہے، جس کے ذریعے والدین شارٹس ویڈیوز کے لیے وقت کی حد مقرر کر سکتے ہیں۔ والدین شارٹس دیکھنے کے لیے 60 منٹ تک کا وقت تعین کر سکتے ہیں اور مستقبل میں اس حد کو مستقل طور پر صفر پر بھی سیٹ کیا جا سکے گا۔
اسی طرح سونے کے وقت اور بریک ریمائنڈرز کے فیچرز بھی والدین کے لیے دستیاب ہوں گے، جس کا مقصد کم عمر صارفین کو شارٹس سے دور رکھ کر نیند اور صحت بہتر بنانے میں مدد دینا ہے۔ یوٹیوب کے مطابق یہ انڈسٹری کا پہلا ایسا فیچر ہے جو والدین کو بچوں کے مختصر ویڈیوز پر مکمل کنٹرول دیتا ہے۔
ایک اور نیا فیچر آسان اکاؤنٹ سوئچنگ ہے، جو گھر کے مشترکہ موبائل یا ٹیبلیٹس میں ہر رکن کے اکاؤنٹ کے درمیان فوری تبدیلی ممکن بنائے گا۔ چند ہفتوں میں والدین کے لیے آسان سائن اپ فیچر بھی متعارف ہوگا تاکہ وہ اپنے بچوں کے لیے تیزی سے اکاؤنٹس بنا سکیں اور ان کے درمیان صرف چند کلکس میں سوئچ کر سکیں۔
یوٹیوب نے یہ بھی یقینی بنایا ہے کہ ہر رکن کے لیے عمر کے مطابق سفارشات اور مواد کی ترتیبات سیٹ ہوں۔
مزید برآں، یوٹیوب نے نئے رہنما اصول اور گائیڈز بھی جاری کیے ہیں جو کری ایٹرز کو یہ رہنمائی فراہم کریں گے کہ وہ نوجوانوں کے لیے دلچسپ، عمر کے مطابق اور معیاری مواد تیار کریں۔ یہ خطوط عالمی ماہرین، بشمول امریکن سائیکولوجیکل ایسوسی ایشن اور بوسٹن چلڈرن ہسپتال کی ڈیجیٹل ویلنس لیب کے ساتھ تیار کیے گئے ہیں۔
یوٹیوب کا مقصد یہ ہے کہ نوجوان تفریح اور تعلیم کے درمیان صحیح توازن قائم کر سکیں اور والدین کو مواد پر مکمل کنٹرول حاصل ہو۔








