166

ہانیہ عامر کا نجومی کو طنزیہ جواب، شادی اور طلاق کی پیشگوئی پر ردعمل

پاکستان کی شوخ و چنچل اداکارہ ہانیہ عامر سے متعلق اس سال شادی اور طلاق کی ایک حیران کن پیشگوئی سامنے آئی، تاہم اداکارہ نے اپنے مخصوص طنزیہ انداز میں ایسا جواب دیا کہ مداح ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوگئے۔

پاکستانی مصنوعات

ہانیہ عامر اس وقت پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی انسٹاگرام سیلیبرٹی ہیں۔ 28 سالہ اداکارہ کو ان کے بے تکلف انداز، برجستہ مزاح اور سوشل میڈیا پر کھل کر بات کرنے کی عادت کے باعث شائقین بے حد پسند کرتے ہیں۔

حال ہی میں ہانیہ عامر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک مقامی ٹی وی چینل کی ویڈیو شیئر کی، جس میں ایک نجومی ان کی ذاتی زندگی سے متعلق پیشگوئی کرتے نظر آئے۔ ویڈیو میں نجومی کا دعویٰ تھا کہ ہانیہ عامر کے زائچے کے مطابق انہیں 2026 میں طلاق کا سامنا کرنا پڑے گا، حالانکہ اداکارہ تاحال غیر شادی شدہ ہیں۔

یہ غیر معمولی دعویٰ ہانیہ عامر کی نظر سے اوجھل نہ رہ سکا۔ انہوں نے حسبِ روایت طنز و مزاح سے بھرپور جواب دیتے ہوئے ویڈیو پر تبصرہ کیا:
’’عجیب… پہلے شادی تو ہونے دو۔‘‘

ہانیہ کا یہ مختصر مگر کاری جملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ مداحوں نے بھی مزاحیہ انداز میں تبصروں کی بھرمار کر دی۔ ایک صارف نے لکھا، ’’ہانیہ، آپ کو خود اس شادی کا پتا ہے؟‘‘ جبکہ ایک اور نے کہا، ’’کہیں آپ نے چپکے سے شادی تو نہیں کر لی؟‘‘ کسی نے سوال اٹھایا، ’’شادی سے پہلے طلاق کیسے ممکن ہے؟‘‘

دوسری جانب گزشتہ برس کے اختتام پر یہ افواہیں بھی گردش میں تھیں کہ ہانیہ عامر اور ان کے سابق بوائے فرینڈ، گلوکار عاصم اظہر ایک بار پھر قریب آ رہے ہیں اور ممکنہ طور پر شادی کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم اس حوالے سے اب تک دونوں کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

ہانیہ عامر کا یہ انداز ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ وہ نہ صرف اسکرین پر بلکہ حقیقی زندگی میں بھی اپنے مداحوں کو محظوظ کرنا بخوبی جانتی ہیں۔