77

نئی سائنسی تحقیق، کیا انڈے واقعی کولیسٹرول بڑھاتے ہیں؟

ہارورڈ ہیلتھ پبلشنگ کی نئی تحقیق نے انڈوں اور خون میں کولیسٹرول کے تعلق کے بارے میں پرانی سوچ کو چیلنج کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق خوراک میں موجود کولیسٹرول خون میں خراب کولیسٹرول (LDL) کی سطح پر اتنا اثر نہیں ڈالتا جتنا پہلے سمجھا جاتا تھا۔

تحقیق میں 48 بالغ افراد کو تین مختلف غذائی منصوبوں کے تحت رکھا گیا۔ ایک گروپ میں زیادہ کولیسٹرول لیکن کم سیر شدہ چکنائی تھی اور روزانہ دو انڈے شامل تھے، دوسرے گروپ میں کم کولیسٹرول لیکن زیادہ سیر شدہ چکنائی تھی، جبکہ تیسرے گروپ میں زیادہ کولیسٹرول اور زیادہ سیر شدہ چکنائی تھی اور روزانہ ایک انڈا شامل تھا۔

نتائج سے ظاہر ہوا کہ خون میں خراب کولیسٹرول کی سطح بنیادی طور پر سیر شدہ چکنائی سے متاثر ہوتی ہے، نہ کہ خوراک میں موجود کولیسٹرول سے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ روزانہ دو انڈے کھانے والے گروپ میں کولیسٹرول کی سطح میں کوئی اضافہ نہیں ہوا بلکہ بعض افراد میں کمی بھی دیکھی گئی۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ دل کی بیماریوں کے خطرے میں اضافہ کرنے والی غذائیں زیادہ تر گوشت، پراسیسڈ میٹ، مکھن اور پنیر جیسی سیر شدہ چکنائی والی اشیاء ہیں، نہ کہ انڈے۔ ان کا کہنا ہے کہ انڈے ایک صحت مند اور غذائیت سے بھرپور خوراک کا حصہ بن سکتے ہیں، خاص طور پر جب مجموعی غذا متوازن ہو۔