چینی کمپنی نے ایسا فون تیار کیا ہے جو سب سے منفرد ہے کیونکہ اسے دنیا کا پہلا روبوٹ فون قرار دیا گیا ہے۔
یہ فون ابھی کانسیپٹ ڈیزائن کی شکل میں موجود ہے، تاہم کمپنی کے مطابق چند ہفتوں میں کمرشل ورژن متعارف کرایا جائے گا۔ فون کی سب سے خاص بات اس کا گیمبل میکنزم ہے، جو روایتی فکس رئیر کیمرا نہیں بلکہ ایک چھپا ہوا ہاتھ فراہم کرتا ہے۔ یہ ہاتھ فون کے بیک سے باہر نکلتا ہے اور 360 ڈگری میں تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کرنے کی سہولت دیتا ہے، جو لائیو اسٹریمنگ یا کسی بھی مقام کو ریکارڈ کرنے کے لیے بہترین ہے۔
گیمبل میکنزم کے ذریعے یہ ہاتھ بائیں جانب سے نکل کر دائیں جانب حرکت کرتا ہے، جس سے پرائمری کیمرا ہر زاویے سے فوکس حاصل کر سکتا ہے۔ کمپنی نے دیگر کیمرا تفصیلات کو راز میں رکھا ہوا ہے اور یہ واضح نہیں کہ کیمرا موڈیول میں کون سا سنسر استعمال ہوا ہے، البتہ فون میں سٹار ٹریکنگ موڈ موجود ہے اور یہ سیلفی یا ویڈیو کال کے لیے بھی استعمال ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ، فون کے بیک پر دو مزید کیمرے نصب ہیں جو عام اسمارٹ فون کی طرح تصاویر اور ویڈیوز کے لیے کام کریں گے۔
یہ کانسیپٹ ڈیزائن پہلی بار لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو کے موقع پر پیش کیا گیا، جبکہ کمپنی نے اعلان کیا کہ فون کو مارچ میں موبائل ورلڈ کانگریس میں باضابطہ متعارف کرایا جائے گا۔
یہ جدید تخلیق اسمارٹ فونز کی دنیا میں ایک نیا باب کھول سکتی ہے، خاص طور پر ویڈیو اور لائیو اسٹریمنگ کے شعبے میں انقلاب برپا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔








