اوپن اے آئی کے مقبول ترین آرٹی فیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹ، چیٹ جی پی ٹی، کا استعمال روزانہ کروڑوں افراد کر رہے ہیں، جن میں سے روزانہ 4 کروڑ صارفین صحت سے متعلق سوالات کے جوابات جاننے کے لیے چیٹ جی پی ٹی سے رجوع کرتے ہیں۔
اوپن اے آئی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، صارفین علامات، ادویات، علاج کے طریقے اور دیگر طبی معلومات حاصل کرنے کے لیے چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کرتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ چیٹ جی پی ٹی سے پوچھے جانے والے سوالات میں 5 فیصد سے زائد صحت سے متعلق ہوتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ چیٹ جی پی ٹی کے 80 کروڑ صارفین میں سے 20 کروڑ ہر ہفتے کم از کم ایک بار صحت کے حوالے سے سوال ضرور کرتے ہیں۔ صارفین زیادہ تر یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ ان کے سر میں درد کتنا سنگین ہے، پیچیدہ تشخیص کا کیا مطلب ہے یا نئی ادویات کے اثرات کی وجہ سے تھکاوٹ کیوں محسوس ہو رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق:
55 فیصد صارفین علامات کے بارے میں معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
52 فیصد صحت سے متعلق سوالات کے جوابات تلاش کرتے ہیں۔
48 فیصد طبی اصطلاحات یا ہدایات کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
44 فیصد علاج کے مختلف آپشنز کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں۔
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی اور اے آئی ٹیکنالوجی ان افراد کے لیے خاص طور پر مددگار ثابت ہوتی ہے، جن کے لیے فوری طور پر ڈاکٹر تک رسائی ممکن نہیں ہوتی۔








