102

مداحوں کا انتظار ختم، کترینہ کیف اور وکی کوشل نے بیٹے کا نام بتا دیا

ممبئی: بالی وڈ کی مقبول ترین جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل نے اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے دو ماہ بعد بیٹے کے نام کا باضابطہ اعلان کر دیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

اداکارہ کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل کے ہاں گزشتہ سال 7 نومبر کو پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔ اب 7 جنوری کو جوڑے نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اپنے ننھے مہمان کا نام دنیا کے سامنے رکھا۔

کترینہ کیف اور وکی کوشل نے اپنے بیٹے کی پہلی جھلک شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اس کا نام ’ویہان کوشل‘ رکھا ہے۔

جوڑے نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا:
“ہماری روشنی کی کرن، ویہان کوشل۔ دعائیں قبول ہو گئیں، زندگی بہت خوبصورت ہے۔ ہماری دنیا ایک لمحے میں بدل گئی۔”

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اس پوسٹ کو چند ہی گھنٹوں میں لاکھوں لائکس اور ہزاروں مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے، جبکہ شوبز شخصیات اور مداحوں نے ننھے ویہان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ 9 دسمبر 2021 کو کترینہ کیف اور وکی کوشل نے راجستھان کے ایک لگژری ریزورٹ میں شاہی مگر نجی تقریب میں شادی کی تھی، جس میں صرف قریبی عزیز و اقارب اور دوستوں نے شرکت کی۔

شادی کے بعد سے ہی یہ جوڑی اپنی نجی زندگی کو میڈیا سے دور رکھتی آئی ہے، تاہم بیٹے کے نام اور پہلی جھلک نے مداحوں کو خوشی کا ایک اور موقع فراہم کر دیا ہے۔