126

بی پی ایل اسٹڈیم میں ہانیہ عامر کا او ایس ٹی گونج اٹھا، سوشل میڈیا پر وائرل

پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر اپنے نئے ڈرامے میری زندگی ہے تو کو حاصل ہونے والی بے حد پذیرائی پر خوش ہیں۔ ان کے ڈرامے کا اوریجنل ساؤنڈ ٹریک (OST) نہ صرف پاکستان بلکہ بنگلادیش پریمیئر لیگ (BPL) میں بھی مداحوں کے دلوں میں بس گیا ہے۔

حال ہی میں ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی، جس میں BPL کے اسٹیڈیم میں موجود شائقین میری زندگی ہے تو کے OST کے بول کے ساتھ گنگناتے ہوئے دکھائی دیے۔ ہانیہ عامر نے اپنی آفیشل انسٹاگرام اسٹوریز پر اس لمحے کو شیئر کرتے ہوئے مداحوں کے لیے جذباتی پیغام دیا:
’’میں آپ سب سے بہت پیار کرتی ہوں۔‘‘

ڈرامہ میری زندگی ہے تو ایک رومانوی اور جذباتی کہانی پر مبنی ہے، جس میں امیر مگر ضدی لڑکا کامیار (بلال عباس) اور خوددار لڑکی آئرا (ہانیہ عامر) کے درمیان پیچیدہ محبت کو دکھایا گیا ہے۔ اس ڈرامے کے OST کو معروف گلوکار عاصم اظہر نے گایا ہے، جو پہلے ہی شائقین میں بے حد مقبول ہو چکا ہے۔

سوشل میڈیا پر مداحوں نے بھی اس لمحے پر خوشی کا اظہار کیا، اور ہانیہ عامر کو پاکستان کی شاہ رخ خان قرار دیا۔ ہانیہ عامر اور بلال عباس کی کیمسٹری نے نہ صرف ڈرامے بلکہ اس کے OST کو بھی سرحد پار مداحوں کے لیے مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔

یہ کامیابی ہانیہ عامر کے لیے ایک یادگار لمحہ ثابت ہوئی، جس نے انہیں مزید محنت اور بہترین پرفارمنس کے لیے حوصلہ دیا ہے۔