126

ڈیجیٹل پاکستان کی جانب اہم پیش رفت، فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کی منظوری

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے تحت فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کا اعلان وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیرِ آئی ٹی شزا فاطمہ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ اسپیکٹرم نیلامی کے عمل میں تمام بین الاقوامی معیارات کو مدِنظر رکھا گیا ہے، جن کی بنیاد پر اسپیکٹرم کی قیمت، ادائیگی کی شرائط اور نیلامی کے ڈیزائن سے متعلق سفارشات مرتب کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ پورے ڈیجیٹل نظام کی بنیاد ہے اور حکومت ڈیجیٹل پاکستان کے سفر کو تیز کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

وزیرِ آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ اسپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات جلد وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی جائیں گی اور اس عمل میں ٹیلی کام سیکٹر سمیت تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم کی نیلامی کرنے جا رہی ہے، جبکہ اسپیکٹرم کی کمی کے باعث پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار عالمی معیار سے کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد پاکستان میں فائیو جی سروس متعارف کرائی جائے گی۔

دوسری جانب وزیراعظم کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی نے کہا کہ ایک ہی وقت میں پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بولی کا عمل مکمل کیا گیا اور فائیو جی اسپیکٹرم آکشن کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں اقدامات کو براہ راست نشر کیا گیا۔ مشرف زیدی کے مطابق وزیراعظم کی قیادت میں مہینوں کی پالیسی سازی، مشاورت اور مذاکرات کے بعد اب عملی نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔