197

باپ بننے کے بعد ڈایپر بدلنے میں زیادہ ماہر ہو گیا ہوں، وکی کوشل کا ایوارڈ تقریب میں دلچسپ اعتراف

بالی ووڈ اداکار وکی کوشل نے ایک حالیہ ایوارڈ تقریب کے دوران والد بننے کے تجربے پر دلچسپ انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب ڈایپر بدلنے میں اداکاری کے مقابلے میں زیادہ ماہر ہو چکے ہیں، جس پر تقریب میں موجود حاضرین ہنس پڑے۔

بھارتی ٹی وی کے ایک ایونٹ میں وکی کوشل کو فلم چھاوا میں چھترپتی سمبھاجی مہاراج کا کردار ادا کرنے پر اعزاز سے نوازا گیا۔ ایوارڈ وصول کرتے ہوئے انہوں نے یہ اعزاز اپنے خاندان اور اپنے “چھوٹے مہمان” کے نام منسوب کیا، جو ان کی زندگی میں ایک نعمت کے طور پر آیا ہے۔

وکی کوشل نے بتایا کہ باپ بننے کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب وہ شہر سے باہر سفر کر رہے تھے، جو ان کے لیے جذباتی طور پر ایک چیلنج تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایک دن ان کا بیٹا یہ لمحہ دیکھے گا اور اپنے والد پر فخر کرے گا۔

ابتدائی دنوں کے تجربات پر بات کرتے ہوئے وکی کوشل نے کہا کہ والدین بننا بے حد خوشی اور جادو سے بھرپور احساس ہے، جسے الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔

واضح رہے کہ وکی کوشل اور کترینہ کیف نے 7 نومبر 2025 کو اپنے پہلے بیٹے کی آمد کا اعلان کیا تھا، جس کی خوشخبری انہوں نے ایک مشترکہ سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے دی۔ اگرچہ جوڑے نے تاحال بچے کا نام ظاہر نہیں کیا، تاہم مداح اس خوشگوار خبر پر اپنی خوشی اور نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔