127

ڈکی بھائی نے جیل سے رہائی کے بعد اپنی یوٹیوب آمدنی کے حوالے سے قیاس آرائیوں کا جواب دے دیا

پاکستان کے مقبول یوٹیوبر ڈکی بھائی (سعد الرحمان) نے جیل سے رہائی کے بعد اپنے پہلے وی لاگ سے ہونے والی آمدنی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں کی تردید کر دی ہے۔

چند ماہ قبل ڈکی بھائی کو جوا ایپس کی تشہیر کے الزام میں ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا، تاہم نومبر کے آخر میں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ ضمانت کے بعد انہوں نے یوٹیوب پر واپسی کی اور روزانہ وی لاگ اپ لوڈ کرنا شروع کر دیے، جن میں پہلے ہی وی لاگ کو ایک کروڑ 50 لاکھ سے زائد ویوز ملے، جس کے بعد صارفین نے دعویٰ کیا کہ ڈکی بھائی نے اس سے کروڑوں روپے کما لیے۔

تاہم، تازہ وی لاگ میں ڈکی بھائی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے چینل کی صورتحال اور آمدنی میں مشکلات ہیں۔ انہوں نے بتایا:
’مجھے اپنے یوٹیوب چینل تک مکمل رسائی حاصل نہیں ہے، چینل پر صرف نوٹیفیکیشن آ رہا ہے کہ میں بطور ایڈیٹر شامل ہوں۔ مجھے نہ تو چینل کی آمدنی کی تفصیلات نظر آ رہی ہیں اور نہ ہی ویڈیوز اپلوڈ یا ڈیلیٹ کرنے کی اجازت ہے۔ میرا یوٹیوب چینل اب میرا نہیں رہا، ایڈسینس کو بلاک کر دیا گیا ہے، اور میں نے ایک روپیہ بھی نہیں کمایا۔‘

ڈکی بھائی نے اپنے ریسٹورنٹ کے کاروباری معاملات پر بھی خاموشی اختیار کی اور کہا کہ اس وقت تمام کاروباری امور اور اخراجات ان کے خاندان کے افراد سنبھال رہے ہیں۔

ان کے ویڈیو بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں کچھ صارفین نے ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ بعض نے ان کے موقف پر سوالات اٹھائے۔ تاہم، مداحوں کا کہنا ہے کہ ڈکی بھائی نے حقیقت بیان کی ہے اور ان کے ساتھ جو ناانصافی ہوئی، وہ افسوسناک ہے۔