معروف مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر نے فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز سے معافی کا اعلان کیا ہے۔ ندا یاسر نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ پچھلے شو میں انہوں نے اپنا ذاتی تجربہ شیئر کیا، لیکن الفاظ کے انتخاب میں کوتاہی کی وجہ سے کچھ لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کا مقصد پوری رائیڈرز کمیونٹی کو ٹارگٹ کرنا نہیں تھا بلکہ صرف چند تجربات شیئر کیے گئے تھے۔ ندا نے کہا: "پانچوں انگلیاں برابر نہیں ہوتیں، بہت سے رائیڈرز محنتی اور ایماندار ہیں جو اپنی زندگی کے خرچے اٹھا رہے ہیں، میں کسی کی دل آزاری نہیں چاہتی۔"
ندا یاسر نے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ کبھی کبھار لفظوں کی ہیرا پھیری کی وجہ سے دل کی بات زبان پر کسی اور انداز میں آ جاتی ہے۔ انہوں نے فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز سے سچے دل سے معافی طلب کی اور کہا کہ اگر ان کے پیارے رائیڈرز بھائی دُکھی ہوئے ہیں تو وہ اس کے لیے معذرت خواہ ہیں۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا تھا جب ندا نے شو میں کہا تھا کہ بعض ڈیلیوری رائیڈرز جان بوجھ کر چھوٹے نوٹ ساتھ نہیں رکھتے تاکہ کسٹمرز اضافی ٹپ دیں، جس سے صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل ظاہر کیا اور اسے محنت کشوں کے لیے غیر حساس قرار دیا۔









