ٹیکنالوجی کی دنیا سے بڑی خبر سامنے آئی ہے جہاں اوپن اے آئی نے اپنے اگلے جدید اے آئی ماڈل GPT-5.2 کو طے شدہ شیڈول سے پہلے متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کمپنی نے یہ قدم عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے مقابلے اور حریف اداروں کی پیش رفت کے بعد اٹھایا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی اپ ڈیٹ کی رونمائی اسی ہفتے متوقع ہے، جس کے بعد مصنوعی ذہانت کے میدان میں ایک نیا دور شروع ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
حالیہ رپورٹس کے مطابق گوگل کے اے آئی ماڈل جیمینائی 3 نے مختلف بینچ مارکس میں نمایاں برتری حاصل کی ہے، جس نے ٹیکنالوجی انڈسٹری میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ جیمینائی 3 نے ’انسانیت کے آخری امتحان‘ میں بھی ریکارڈ اسکور حاصل کیا، جس کے بعد ماہرین مصنوعی ذہانت کی دوڑ کو مزید سخت قرار دے رہے ہیں۔
ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ جیمینائی 3 کی شاندار کارکردگی نے اوپن اے آئی کے اندر دباؤ بڑھا دیا تھا، جس کے بعد کمپنی کے سی ای او سیم آلٹمن نے ملازمین کو ایک اندرونی میمو میں اے آئی ماڈلز کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تھی۔
ماہرین سمجھتے ہیں کہ GPT-5.2 کی قبل از وقت لانچ سے عالمی اے آئی مارکیٹ میں نیا توازن پیدا ہو سکتا ہے، اور آنے والے ہفتے ٹیکنالوجی کی دنیا کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوں گے۔








