کھجور ایک ایسا پھل ہے جو سارا سال آسانی سے دستیاب ہوتا ہے اور اپنی غذائیت کے باعث دنیا بھر میں مقبول ہے۔ یہ تازہ اور خشک دونوں شکلوں میں استعمال ہوتی ہے، تاہم زیادہ تر لوگ خشک کھجوریں کھاتے ہیں۔ خشک ہونے پر ان میں موجود قدرتی شکر زیادہ نمایاں ہو جاتی ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ کھجوریں نقصان دہ ہیں—بلکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ جسم کو بےشمار ضروری غذائی اجزا فراہم کرتی ہیں۔
صرف 100 گرام کھجوریں جسم کو کاپر، میگنیشیم، پوٹاشیم، مینگینیز، وٹامن B6، فائبر اور آئرن سمیت متعدد اہم غذائی عناصر فراہم کرتی ہیں۔
امریکا کی کلیولینڈ کلینک نے کھجوروں کے استعمال کے چھ اہم فوائد بتائے ہیں جو درج ذیل ہیں:
1. معدے کی صحت بہتر ہوتی ہے
کھجوروں میں موجود فائبر نظامِ ہاضمہ کو مضبوط بناتا ہے، قبض سے بچاتا ہے اور آنتوں کے افعال بہتر کرتا ہے، جس سے آنتوں کے کینسر کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
2. دائمی امراض سے تحفظ
کھجوروں میں موجود نباتاتی مرکبات اینٹی آکسائیڈنٹس کا کام کرتے ہیں جو خلیات کو نقصان سے بچاتے ہیں۔ یہی خصوصیات مختلف کینسرز، امراضِ قلب اور آٹو امیون امراض کے خدشات کم کرتی ہیں۔
3. دماغی صحت کے لیے مفید
تحقیقی رپورٹس کے مطابق کھجوریں دماغی افعال کو بہتر کرتی ہیں۔ چوہوں پر کی گئی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ کھجوریں انزائٹی کم کرنے، یادداشت بہتر بنانے اور ذہنی کارکردگی بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
4. جِلد کو جوان رکھنے میں مدد
کھجوروں میں موجود نباتاتی مرکبات جلد پر بڑھتی عمر کے اثرات کو کم کرتے ہیں، جھریوں کو ابھرنے سے روکتے یا ان کے سائز میں کمی لاتے ہیں۔
5. چینی کا صحت مند متبادل
اگر آپ چینی کم کرنا چاہتے ہیں تو کھجور بہترین قدرتی میٹھا ثابت ہو سکتی ہے۔ یہ بلڈ شوگر کے تیز اضافے سے بچاتی ہے اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے خطرات کم کرتی ہے۔ تاہم کیلوریز زیادہ ہونے کی وجہ سے کھجوروں کا حد سے زیادہ استعمال بھی درست نہیں۔
6. ہڈیوں کی صحت بہتر بناتی ہے
کھجوریں کیلشیئم، فاسفورس اور میگنیشیم سے بھرپور ہوتی ہیں، جو بڑھتی عمر کے ساتھ ہڈیوں کو مضبوط رکھنے اور آسٹیوپوروسس کے خدشے سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون طبی رپورٹس اور میڈیکل جرائد میں شائع معلومات پر مبنی ہے۔ صحت سے متعلق فیصلے ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے سے کریں۔









