101

کراچی کی بدحالی پر بشریٰ انصاری کا اظہارِ تشویش، شہریوں سے اجتماعی اقدام کی اپیل

پاکستان کی معروف اداکارہ اور ورسٹائل فنکارہ بشریٰ انصاری نے کراچی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین دہائیوں سے شہر کے مسائل پر بات تو ہوتی ہے، لیکن عملی طور پر کوئی بہتری نظر نہیں آتی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں بشریٰ انصاری نے کہا کہ اگرچہ ان کا تعلق پنجاب سے ہے، تاہم وہ طویل عرصے سے کراچی میں مقیم ہیں اور روزانہ شہر کی بگڑتی حالت پر افسوس محسوس کرتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی سڑکیں ٹوٹی پھوٹی اور گلیاں گندگی سے اٹی ہوئی ہیں، مگر یہاں کے لوگ اب بھی محبت اور مہمان نوازی کے جذبے سے سرشار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آنے والا ہر شخص، چاہے وہ پنجاب، خیبرپختونخوا یا بلوچستان سے ہو، یہاں کے عوام کی گرمجوشی محسوس کرتا ہے۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ پچھلے 30 برسوں سے شہر کی حالتِ زار پر گفتگو جاری ہے، لیکن کسی حکومت نے اس کے مسائل حل کرنے میں سنجیدگی نہیں دکھائی۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ ہر سال وعدے کیے جاتے ہیں کہ شہر کی حالت بہتر بنائی جائے گی، مگر عملی طور پر کچھ نہیں ہوتا۔

اداکارہ نے صوبائی حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صرف کراچی نہیں بلکہ پورے سندھ کی حالت افسوسناک ہے، لیکن حکومتی توجہ کہیں نظر نہیں آتی۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کراچی کے شہری متحد ہو کر قانونی طور پر آواز بلند کریں۔ انہوں نے تجویز دی کہ شہری مل کر ایک پٹیشن دائر کریں تاکہ ان افراد سے جواب طلب کیا جا سکے جو برسوں سے شہر کی بہتری کے وعدے کرتے آ رہے ہیں۔

اپنے ویڈیو پیغام کے اختتام پر اداکارہ نے سوال اٹھایا، “آخر کب کوئی کراچی کے لیے عملی قدم اٹھائے گا؟ اور یہ ذمہ داری کون قبول کرے گا؟”