39

چین کے انسان نما روبوٹ کا 106 کلومیٹر پیدل چل کر عالمی ریکارڈ

سوزو سے شنگھائی تک 3 دن کا طویل سفر، "ہاٹ سوئپ" بیٹری ٹیکنالوجی نے سب کو حیران کر دیا

چین میں تیار کیے گئے جدید انسان نما روبوٹ نے بغیر رکے 106.286 کلومیٹر پیدل چل کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، جس نے روبوٹکس کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کر دی۔

کمپنی کے مطابق روبوٹ نے اپنا سفر 10 نومبر کو سوزو شہر سے شروع کیا اور 13 نومبر کی صبح شنگھائی کے مشہور مقام "دی بَنڈ" پر کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔
سفر کے دوران روبوٹ نے رش والی سڑکوں، فٹ پاتھوں، پلوں اور مختلف شہری رُوٹوں سے گزرتے ہوئے غیر معمولی برداشت اور توازن کا مظاہرہ کیا۔

روبوٹ میں نصب جدید "ہاٹ سوئپ" بیٹری سسٹم نے اس کی کارکردگی کو مسلسل فعال رکھا، جس کے باعث بیٹری تبدیل کرنے کے دوران بھی روبوٹ کا سفر ایک سیکنڈ کے لیے نہیں رکا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ پورے سفر میں روبوٹ کی کارکردگی شاندار رہی، صرف اس کے پیروں کے ربڑ میں معمولی خراشیں ریکارڈ کی گئیں، جو اس کے غیر معمولی استحکام کا ثبوت ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ کارنامہ مستقبل میں روبوٹک ڈیلیوری، گائیڈنگ، شہری سروسز اور صنعتی آپریشنز کے لیے انسان نما روبوٹ کے وسیع استعمال کا راستہ ہموار کرے گا۔