101

اسں چیز نے ورزش کے فائدے آدھے کر دیے

ایک نئی عالمی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ فضائی آلودگی نہ صرف سانس اور دل کی بیماریوں کا باعث بنتی ہے بلکہ باقاعدہ ورزش کرنے والوں کے لیے بھی ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ آلودہ ماحول میں رہنے والے افراد کے لیے ورزش کے فوائد نصف تک کم ہو جاتے ہیں۔

تحقیق، جو جرنل بی ایم سی میڈیسن میں شائع ہوئی، میں برطانیہ، امریکا، چین، تائیوان اور ڈینمارک کے 15 لاکھ سے زائد افراد کے ڈیٹا کا دس سال تک مطالعہ کیا گیا۔ نتائج کے مطابق وہ لوگ جو ہفتے میں کم از کم ڈھائی گھنٹے کی ورزش کرتے ہیں، ان کے قبل از وقت موت کے خطرات 30 فیصد تک کم ہوتے ہیں، لیکن اگر وہ آلودہ ہوا والے علاقوں میں رہتے ہوں تو یہ فائدہ صرف 12 سے 15 فیصد تک رہ جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق باریک آلودہ ذرات PM2.5 پھیپھڑوں میں جا کر خون میں شامل ہو سکتے ہیں، جس سے دل، پھیپھڑوں اور اعصابی نظام پر منفی اثرات پڑتے ہیں۔ ایسے ماحول میں سخت ورزش الٹا نقصان پہنچا سکتی ہے۔

سائنس دانوں نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ ورزش کرتے وقت لوکیشن کا خاص خیال رکھا جائے، جبکہ حکومتوں سے فضائی آلودگی کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کی اپیل کی گئی ہے۔