104

ڈکی بھائی کی رہائی کے بعد سوشل میڈیا پر بریک، اہلیہ نے افواہوں کی تردید کر دی

معروف پاکستانی یوٹیوبر سعد الرحمان، جنہیں مداح عام طور پر ڈکی بھائی کے نام سے جانتے ہیں، جیل سے رہائی کے بعد سوشل میڈیا سے مکمل طور پر دور ہیں اور فی الحال کسی نئی سرگرمی میں شریک نہیں ہیں۔

ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی سعد الرحمان کی کوئی بھی تازہ ویڈیو یا تصویر حقیقت میں پرانی ہے۔ عروب جتوئی نے کہا کہ سعد اس وقت بریک پر ہیں اور رہائی کے بعد انہوں نے کوئی نیا مواد تخلیق نہیں کیا۔ مداحوں سے درخواست کی گئی ہے کہ افواہوں اور غلط معلومات سے گریز کریں کیونکہ سعد جلد واپس آئیں گے اور پہلے سے زیادہ مضبوط انداز میں کم بیک کریں گے۔

اس سے قبل لاہور کی مقامی عدالت نے ڈکی بھائی کی فوری رہائی کا حکم دیا تھا، جس میں کہا گیا کہ اگر وہ کسی اور زیرِ التوا مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں تو انہیں رہا کیا جائے۔

ڈکی بھائی پر الزام تھا کہ انہوں نے مبینہ طور پر ایک غیر قانونی جوا ایپ کو فروغ دیا، جس پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا اور آن لائن سرگرمیوں کی تحقیقات شروع کیں۔ تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ بعض افسران نے مبینہ طور پر ڈیجیٹل اثاثوں، بشمول کرپٹو کرنسی، کے ذریعے رقوم کی منتقلی میں ملوث ہونے کے شبہات ظاہر کیے ہیں۔