ملیشیا کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ سال 2026 سے 16 سال سے کم عمر افراد سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں بنا سکیں گے۔ یہ فیصلہ بچوں کو آن لائن نقصان دہ مواد اور سائبر بُلنگ جیسے بڑھتے ہوئے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ملیشیا کے کمیونیکیشن منسٹر داتوک فہمی فاضل نے بتایا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر e-KYC سسٹم نافذ کیا جائے گا، جس کے تحت نئی رجسٹریشن کے دوران صارف کی عمر کی تصدیق MyKad، پاسپورٹ یا ڈیجیٹل آئی ڈی کے ذریعے ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے یہ فیصلہ اس لیے کیا ہے کہ کم عمر صارفین آن لائن ایسی مواد اور حالات کا سامنا کر رہے ہیں جو ان کی ذہنی اور سماجی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
وزیر کے مطابق یہ پابندی آن لائن سیفٹی ایکٹ کے تحت نافذ ہوگی، جو 1 جنوری 2026 سے لاگو ہو جائے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام ایک "ضروری قدم" ہے، جس کا مقصد بچوں کو ڈیجیٹل نقصان اور خطرناک آن لائن رویوں سے محفوظ رکھنا ہے۔








