355

فواد خان اور دپیکا پڈوکون ایک بارپھر ایک ساتھ

ممبئی:نامور پاکستانی اداکارفواد خان اور بالی ووڈ کی ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون دوسال بعد ایک بار پھر ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دپیکا پڈوکون اور فواد خان کی جوڑی آج دبئی میں ہونے والے ایک اسٹیج شو کے دوران تقریباً دوسال بعد ایک بار پھر جلوے بکھیرتی نظرآئے گی۔ تقریب میں فواد اور دپیکا کے علاوہ اداکارہ ودیا بالن، جیکی شروف اورعرفان خان سمیت بالی ووڈ کے متعدد اداکار جلوے بکھیریں گے۔

اس سے قبل دونوں اسٹارز نے ایک ساتھ تقریباً دوسال پہلے ممبئی میں ایک تقریب میں بطور شو اسٹاپر شرکت کی تھی اور اپنی خوبصورت کیمسٹری سے تمام لوگوں کے دل جیت لیے تھے۔ دپیکا کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے فواد خان کا کہنا تھا کہ دپیکا کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ نہایت خوشگوار ہے، اور اس وقت میں کیا محسوس کررہا ہوں اسے الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔

واضح رہے کہ دونوں کی خوبصورت کیمیسٹری کی ہی  وجہ سے فلم’’پدماوت‘‘میں دپیکا کے شوہر راجا راول رتن سنگھ کیلئے  ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی پہلی پسند اداکار فواد خان تھے اور وہ چاہتے تھے کہ فواد خان یہ کردار ادا کریں جب کہ بھنسالی کے سامنے اس کردار کیلئے دپیکا پڈوکون نے بھی فواد خان کی حمایت کی تھی، لیکن بھارت میں پاکستانی اداکاروں پر پابندی کی وجہ سے فواد خان فلم میں کام نہ کرسکے تھے۔