70

فیٹی لیور کی بڑھتی ہوئی وبا: علامات اور احتیاطی تدابیر

دنیا بھر میں غیر فعال طرزِ زندگی اور فروزن، پروسیسڈ، فاسٹ فوڈ، چینی اور چکنائی سے بھرپور غذاؤں کے بڑھتے استعمال کے باعث فیٹی لیور ایک عام اور سنگین بیماری بنتی جا رہی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق فیٹی لیور کی بروقت تشخیص نہ ہونے کی صورت میں یہ نان الکولک اسٹیٹو ہیپاٹائٹس (NASH)، فائبروسِس، سائروسس (cirrhosis) اور بعض صورتوں میں جگر کے کینسر تک کا سبب بن سکتی ہے۔ تاہم ابتدائی علامات پر توجہ اور طرزِ زندگی میں تبدیلی سے جگر کو مستقل نقصان سے بچایا جا سکتا ہے۔

فیٹی لیور کی نمایاں علامات:

وزن میں اضافہ اور خاص طور پر پیٹ کے گرد چربی کا جمع ہونا۔

تھکاوٹ اور کمزوری کا مستقل احساس، حتیٰ کہ زیادہ آرام کے باوجود۔

اوپری حصے میں درد یا بھاری پن محسوس ہونا۔

انسولین ریزسٹنس کی وجہ سے بلڈ شوگر لیولز میں اضافہ۔

پیشاب اور پاخانے کے رنگ میں تبدیلی، جیسے زرد رنگ کا پیشاب یا ہلکا رنگ کا پاخانہ۔

آنکھوں اور جلد کا پیلا پڑ جانا، جو فوری طبی توجہ کا تقاضا کرتا ہے۔

خون جمنے والے پروٹینز کی کمی کے باعث معمولی چوٹ پر زیادہ خون بہنا۔

احتیاطی تدابیر اور بچاؤ:

متوازن اور صحت مند غذاؤں کا استعمال اور فاسٹ فوڈ، چینی اور چکنائی کی مقدار کم کرنا۔

وزن اور کولیسٹرول کو کنٹرول میں رکھنا، کیونکہ بلند کولیسٹرول نہ صرف دل کی بیماریوں بلکہ فیٹی لیور کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔

باقاعدہ ورزش اور فعال طرزِ زندگی اپنانا۔

علامات ظاہر ہونے پر فوری طبی مشورہ لینا تاکہ جگر کے شدید نقصان سے بچا جا سکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ فیٹی لیور کی بروقت تشخیص اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے سے جگر کی صحت کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے اور سنگین بیماریوں کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔