ٹک ٹاک نے پاکستانی کریئیٹرز کے لیے حفاظتی اور پیداواری نئے فیچرز متعارف کروائے ہیں، تاکہ پلیٹ فارم پر صارفین کا تجربہ محفوظ، مثبت اور مؤثر بنایا جا سکے۔ کمپنی کے مطابق یہ فیچرز خاص طور پر پاکستانی صارفین کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے مواد کو بہتر انداز میں منظم کر سکیں اور منفی تجربات سے محفوظ رہیں۔
سب سے اہم فیچر کریئیٹر کیئر موڈ ہے، جو تبصروں میں ہراسگی، بدسلوکی یا نامناسب الفاظ کو خود بخود فلٹر کر دیتا ہے۔ اس کے تحت وہ تبصرے بھی پوشیدہ رہیں گے جو پہلے کریئیٹرز نے رپورٹ یا حذف کیے ہوں۔ اس کا مقصد مواد بنانے والے افراد کو بغیر خوف یا دباؤ تخلیقی صلاحیت کے استعمال کا موقع فراہم کرنا ہے۔
اسی طرح، کانٹینٹ چیک لائٹ بھی متعارف کرایا گیا ہے، جو ٹک ٹاک اسٹوڈیو کے ذریعے دستیاب ہے۔ اس فیچر کی مدد سے کریئیٹرز اپنے ویڈیوز پوسٹ کرنے سے پہلے ممکنہ پابندیوں یا قوانین کی جانچ کر سکتے ہیں اور ضروری ترامیم کر کے ویڈیوز محفوظ طریقے سے شیئر کر سکتے ہیں۔
ٹک ٹاک نے کریئیٹر ان باکس بھی لانچ کیا ہے، جو پیغام رسانی کا نیا پیشہ ورانہ ہب ہے۔ اس میں نئے فولڈرز جیسے “Unread” اور “Starred” شامل ہیں، اور کریئیٹرز کو فوری جوابات دینے کے لیے ٹیمپلیٹس بھی دستیاب ہوں گے، تاکہ وہ اپنے سامعین کے ساتھ بہتر رابطہ قائم کر سکیں۔
ٹک ٹاک کے مطابق یہ اقدامات پاکستانی کریئیٹرز کی حفاظت، پیداوری اور پلیٹ فارم کے مثبت استعمال کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے ہیں، تاکہ پاکستان میں ایک ایسا ڈیجیٹل ماحول فراہم کیا جا سکے جہاں صارفین بلا خوف اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں۔








