64

بیٹری لائف بچانے کا نیا حل، گوگل پلے کا زبردست فیچر متعارف

گوگل نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک اہم فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے صارفین باآسانی معلوم کر سکیں گے کہ کون سی ایپس ان کے فون کی بیٹری تیزی سے ختم کر رہی ہیں۔

کمپنی کے مطابق نیا نظام پس منظر میں چلنے والی ایپس کی سرگرمیوں پر نظر رکھے گا، خاص طور پر ان ایپس پر جو Partial Wakelocks کے ذریعے فون کو اسکرین بند ہونے کے باوجود فعال رکھتی ہیں۔

اگر کوئی ایپ 24 گھنٹوں کے دوران دو گھنٹے سے زیادہ غیر ضروری جاگنے کی سرگرمیوں میں ملوث پائی گئی، اور گزشتہ 8 سے 20 دنوں میں صارف کے سیشنز کا کم از کم 5 فیصد حصہ ایسے سیشنز پر مشتمل ہوا، تو اسے ’زیادہ بیٹری استعمال کرنے والی ایپ‘ کے طور پر نشان زد کیا جائے گا۔

اس فیچر کے تحت ایپ کے صفحے پر صارفین کو واضح انتباہی پیغام دکھایا جائے گا، جس میں بتایا جائے گا کہ مذکورہ ایپ پس منظر میں زیادہ سرگرمی کے باعث توقع سے زیادہ بیٹری خرچ کر رہی ہے۔

گوگل کا کہنا ہے کہ یہ نیا نظام یکم مارچ 2026 سے فعال ہو گا، جس کے بعد پلیٹ فارم پر ایپس کی درجہ بندی بیٹری کے استعمال کے معیار کے مطابق کی جائے گی۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدام صارفین کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے، کیونکہ اب وہ اپنی بیٹری کے استعمال پر بہتر کنٹرول حاصل کر سکیں گے اور غیر ضروری طور پر بیٹری ختم کرنے والی ایپس کو فوراً شناخت کر کے فون کی کارکردگی کو بہتر بنا سکیں گے۔