59

'وسپر لیک' کے نام سے نیا سائبر حملہ بے نقاب

مائیکروسافٹ نے حال ہی میں ایک نیا سائبر حملہ دریافت کیا ہے جسے "وسپر لیک" (Whisper Leak) کا نام دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ حملہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) چیٹ سسٹمز کی رازداری کے لیے ایک سنگین خطرہ ثابت ہو سکتا ہے۔

کمپنی کی رپورٹ کے مطابق یہ سائڈ چینل حملہ نیٹ ورک پیکٹس کے سائز اور وقت کے فرق کا تجزیہ کر کے حساس معلومات حاصل کرتا ہے۔ اس طریقے سے حملہ آور صارفین کی نجی گفتگو، سیاسی رجحانات، مالی معلومات یا صحافتی بات چیت تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔

مائیکروسافٹ نے وضاحت کی کہ یہ کمزوری بڑے لینگویج ماڈلز (LLMs) کے اسٹریمنگ موڈ میں پائی گئی ہے، جہاں چیٹ بوٹ پیغامات فوری طور پر صارف کو دکھاتا ہے۔ کمپنی کے مطابق پیکٹس کے سائز اور ٹائمنگ میں معمولی فرق معلومات کے افشا کا باعث بن سکتا ہے۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ حملہ عملی طور پر انتہائی خطرناک ہے، خاص طور پر ان صارفین کے لیے جو غیر محفوظ نیٹ ورکس یا نگرانی کے زیر اثر ماحول میں چیٹ بوٹس استعمال کرتے ہیں۔

مائیکروسافٹ نے اس خطرے کے تدارک کے لیے فوری حفاظتی اقدامات بھی متعارف کرائے ہیں، جن میں جوابی پیغامات میں بےترتیب الفاظ کا اضافہ، ٹوکنز کی بیچنگ، اور پیکٹس میں تبدیلی شامل ہیں تاکہ حملہ آور کے لیے گفتگو کے مواد کا اندازہ لگانا مشکل بنایا جا سکے۔

کمپنی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ حساس گفتگو کے دوران وی پی این (VPN) استعمال کریں اور صرف وہی پلیٹ فارمز منتخب کریں جو تازہ حفاظتی اپ ڈیٹس نافذ کر چکے ہوں۔