118

ایلون مسک کے لیے تاریخ کا سب سے بڑا پے پیکیج، دنیا کے پہلے کھرب پتی بننے کی راہ ہموار

امریکی کار ساز کمپنی ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک کو تاریخ کا سب سے بڑا کارپوریٹ پے پیکیج مل گیا ہے، جس کے بعد ان کے دنیا کے پہلے کھرب پتی بننے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیسلا کے 75 فیصد سرمایہ کاروں نے ریکارڈ ایک ٹریلین ڈالر (تقریباً 2810 کھرب روپے) کے منافع سے منسلک مسک کی تنخواہ کی منظوری دے دی۔

کمپنی کے بورڈ نے قبل ازیں خبردار کیا تھا کہ اگر مسک کو مناسب پیکیج نہ دیا گیا تو وہ کمپنی چھوڑ سکتے ہیں، جبکہ ٹیسلا کا مستقبل مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے میدان میں ان کے وژن سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔

امریکا میں اس فیصلے کے بعد دولت کی عدم مساوات پر نئی بحث چھڑ گئی ہے، اور ناقدین نے اس پے پیکیج کو بڑھتی ہوئی معاشی خلیج کی علامت قرار دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مسک کا معاوضہ ٹیسلا کی مستقبل کی کارکردگی، خودکار گاڑیوں، روبوٹکس نیٹ ورک اور انسان نما روبوٹس کی فروخت جیسے منصوبوں سے مشروط ہے۔

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب بعض بڑے سرمایہ کاروں اور مشاورتی اداروں نے اس پیکیج کو “انتہائی مہنگا” اور “غیر ضروری” قرار دیا، تاہم کمپنی کے بورڈ نے مؤقف اپنایا کہ مسک کو ٹیسلا کے ساتھ برقرار رکھنے اور طویل المدتی ترقی یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام ناگزیر ہے۔

سالانہ میٹنگ کے دوران ایلون مسک نے اعلان کیا کہ ٹیسلا اپریل سے دو نشستوں والی روبوٹیکسی “سائبر کیب” کی پیداوار کا آغاز کرے گی۔