ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے سال 2025 کے لیے ڈینگی کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں اس سال اب تک 1093 تصدیق شدہ ڈینگی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ 16810 مریضوں کی سکریننگ مکمل کی گئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 21 نئے ڈینگی کیسز سامنے آئے ہیں اور اسپتالوں میں اس وقت 56 مریض زیرِ علاج ہیں۔ خوش قسمتی سے، اس سال اب تک ڈینگی سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔
ہیلتھ ٹیموں نے ویکٹر سرویلنس کے تحت 58 لاکھ سے زائد گھروں کا معائنہ کیا، جہاں سے 183,912 گھروں میں ڈینگی لاروا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ اب تک مجموعی طور پر 209,162 لاروا تلف کیے جا چکے ہیں۔
ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4,551 ایف آئی آرز درج کی گئیں، 1,562 مقامات کو سیل کیا گیا جبکہ 3,550 چالان بھی کیے گئے ہیں۔ ڈینگی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر مجموعی طور پر 1 کروڑ 10 لاکھ 50 ہزار 7 روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
صحت حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں اور ڈینگی کے خلاف جاری مہم میں تعاون کریں تاکہ اس موذی مرض کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔









